گاندربل:ضلع اسپتال گاندربل کی جانب جانے والی ایک متبادل سڑک گزشتہ کئی برسوں سے خستہ ہے۔ خستہ حال سڑک قصبہ میں ٹریفک جام کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے اہم رول ادا کر سکتی ہے تاہم اس کے باوجود سڑک کی تعمیر و مرمت کے حوالہ سے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔ لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی اہمیت اور افادیت کو دیکھتے ہوئے انہوں نے کئی بار حکام کو مطلع کیا تاہم ’’لوگوں کے مطالبات پر دھیان نہیں دیا جا رہا ہے اور یہ مسئلہ عرصہ دراز سے زیر التواء رکھا گیا ہے۔‘‘
عابد حسین نامی ایک مقامی باشندے نے بتایا کہ رابطہ سڑک مقامی باشندوں کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ مین سڑک پر ٹریفک جام کی وجہ سے مریضوں کو ضلع اسپتال پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سی اور ایل جی انتظامیہ سے رابطہ بھی کیا گیا تاہم ابھی تک اس حوالہ سے زمینی سطح پر کچھ نہیں کیا گیا جبکہ یقین دہانیاں کئی بار کی گئیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیکر کہا کہ ضلع ہسپتال کو ایک بہتر اور متبادل لنک روڈ فراہم کرنے کے علاوہ یہ سڑک ماتا کھیر بھوانی مندر کو بھی جوڑتی ہے اور امرناتھ یاترا کے دوران ٹریفک کے رش کو کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے۔