سرینگر:ناساز گار موسمی صورت حال کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی نے 19 اور 20 فروری کو ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملتوی شدہ امتحانات کے لئے نئی تاریخوں کا اعلان الگ سے کیا جائے گا۔ کشمیر یونیورسٹی حکام کی جانب سے پیر کو جاری کیے گئے ایک نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ’’ناساز گار موسمی صورتحال کے پیش نظر کشمیر یونیورسٹی نے 19 اور 20 فروری کو ہونے والے تمام امتحانات کو ملتوی کر دیا ہے، اور آئندہ امتحانات کے لیے علیحدہ سے نوٹس جاری کی جائے گی۔‘‘
یاد رہے کہ محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں بھاری بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ سمیت کشمیر کے بالائی مقامات پر اتوار شام سے ہی برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے پورے خطے کے لیے برفباری اور بارشوں کا الرٹ جاری کیا تھا۔ محکمہ موسمیات نے بدھ تک جموں و کشمیر کے بیشتر حصوں میں ہلکی سے درمیانہ درجے کی بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔