سرینگر (جموں کشمیر):سرینگر کے گنڈ بل علاقے میں منگل کی صبح دریائے جہلم میں کشتی الٹنے کے بعد لاپتہ ہونے والے باپ بیٹے سمیت تین افراد کی تلاش کے لئے ہفتے کو مسلسل پانچویں روز بھی آپریشن وسیع پیمانے پر جاری ہے۔ یاد رہے کہ گنڈبل علاقے میں منگل کو دریائے جہلم پار کرنے کے دوران کشتی الٹ گئی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کے دو کمسن بیٹوں سمیت 6 افراد کی موت واقع ہوئی جبکہ تین افراد ہنوز لاپتہ ہیں۔
حکام کے مطابق لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے این ڈی آر ایف، ایس ڈی آر ایف، فوج، ریور پولیس و دیگر ایجنسیوں سمیت 14 ٹیمیں وسیع پیمانے پر آپریشن چلا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ آپریشن ہفتے کی صبح سے دوبارہ شروع ہوا۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس کشمیر زون وی کے بردی کا کہنا ہے کہ ناساز موسمی حالات کے باوجود بھی لاپتہ افراد کی باز یابی کے لئے آپریشن جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاپتہ افراد کو بازیاب کرنے کے لئے کوششیں وسیع پیمانے پر جاری ہیں تاکہ ان کے اہلخانہ کو کسی حد تک راحت مل سکے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی کوششیں ضرور ثمر آور ثابت ہوں گی۔