بارہمولہ (کوثر عرفات):ڈائریکٹر ٹورازم کشمیر راجہ یعقوب فاروق نے جموں و کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام گلمرگ کے ہیلتھ ریزورٹ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاحوں کی آمد میں نمایاں اضافہ کے ساتھ کشمیر ایک بار پھر عالمی سطح پر تسلیم شدہ سیاحتی مقام کے طور پر اپنا مقام حاصل کر رہا ہے۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے فاروق نے روشنی ڈالی کہ رواں سال خطے کی سیاحت کے اعدادوشمار میں غیر معمولی نمو دیکھا گیا، جو گذشتہ سال کی تعداد میں 10 فیصد سے زیادہ ہے۔ "پچھلے سال، ہم نے کل 2.7 ملین سیاحوں کو ریکارڈ کیا، جن میں شری امرناتھ یاترا کے زائرین بھی شامل ہیں۔ اس سال، ہم نے 30 لاکھ کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔"
انہوں نے کشمیر کی سیاحت کی بحالی کے بارے میں امید کا اظہار کرتے ہوئے غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں حوصلہ افزا رجحان پر زور دیا۔ پچھلے سال تقریباً 36,000 سے 37,000 غیر ملکی سیاحوں نے کشمیر کی سیر کی۔ تاہم، 20 دسمبر 2023 تک اس سال کے اعداد و شمار پہلے ہی 43,000 پار کر چکے ہیں، صرف پچھلے چار دنوں میں اضافی 1,000 غیر ملکی سیاحوں نے کشمیر کا رخ کیا۔
فاروق نے کہا کہ "یہ اضافہ اس بات کا واضح اشارہ ہے کہ کشمیر، جو اپنے دلکش مناظر اور مہمان نوازی کے لیے شہرت رکھتا تھا، مسلسل اپنی عالمی پذیرائی حاصل کر رہا ہے۔ پچھلے پانچ برسوں میں امن و امان میں بہتری کے ساتھ ساتھ سیاحت کے بہتر انفراسٹرکچر نے اس مثبت تبدیلی میں اہم کردار ادا کیا۔"
یہ بھی پڑھیں:مشہور سیاحتی مقام گلمرگ میں کرسمس تقریبات کا اہتمام، سیاحوں میں جوش و خروش