سرینگر (جموں و کشمیر):کرگل ڈیموکریٹک الائنس (کے ڈی اے) نے کرگل میں 20 مارچ کو نصف دن کی ہڑتال اور احتجاجی مارچ کی منصوبہ بندی کا اعلان کیا ہے۔ ان کے کلیدی مطالبات میں لداخ کو ریاست کا درجہ دینا اور چھٹی شیڈول کا نفاذ شامل ہیں۔ سیاسی، مذہبی اور سماجی تنظیموں کے اتحاد پر مشتمل، کے ڈی اےKDA نے ماہر تعلیم اور سماجی اصلاح کار سونام وانگچوک کی بھی حمایت کا اعلان کیا ہے، جو 12 دنوں سے لیہہ میں اسی طرح کے مقاصد کے لیے بھوک ہڑتال پر ہیں۔
وانگچوک نے سماجی رابطہ گاہ ایکس پر لداخ کے لیے حکومت کے رویے کی تنقید کرتے ہوئے اسے جمہوری حقوق کی منافی دیتے ہوئے کہا ہے: ’’یہ حکومت (بی جے پی) بھارت کو فخر سے ’’جمہوریت کی ماں‘‘ کہتی ہے۔ لیکن اگر بھارت لداخ کے لوگوں کو جمہوری حقوق دینے سے انکار کرتا ہے اور اسے نئی دہلی سے کنٹرول کرنے والے افسر شاہی کے ماتحت رکھتا ہے تو اسے صرف لداخ کے حوالے سے ’جمہوریت کی سوتیلی ماں‘ ہی کہا جائے گا۔‘‘