ترال(پلوامہ):ڈائریکٹر جنرل پولیس جموں وکشمیر آر آر سوین عوامی شکایات کا ازالہ کرنے کے حوالے سے یو ٹی میں عوامی دربار کا انعقاد کر رہے ہیں اور اس حوالے سے ڈی جی موصوف آنے والے منگل کو جنوبی کشمیر کے اونتی پورہ میں عوامی دربار کی صدارت کریں گے اور عوامی مسائل اور شکایات کا ازخود جائزہ لیں گے۔ اس سلسلے میں پولیس کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا ہے 23 جنوری کو پبلک دربار ڈسٹرکٹ پولیس لائنز اونتی پورہ میں دن کے دو بجے سے منعقد ہوگا اور اس کی صدارت جموں وکشمیر پولیس کے سربراہ آر آر سوین کریں گے۔
پولیس نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہفتہ سے ڈی پی ایل کراسنگ جوبیارہ اونتی پورہ میں ایک ہیلپ ڈیسک قائم کیا گیا ہے، جہاں آنے والے لوگ شکایات کے ازالے کے پروگرام کے لیے اندراج کرا سکتے ہیں۔
بیان کے مطابق جو لوگ اپنی شکایت ڈی جی پی جموں و کشمیر کے نوٹس میں لانا چاہتے ہیں وہ مکمل تفصیلات اور موبائل نمبر کے ساتھ ایک تحریری درخواست جمع کرائیں، جس پر ان سے فالو اپ کارروائی کے لیے افسران/ٹیم ممبران سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔