سرینگر:وادیٔ کشمیر میں خشک موسم کے بیچ زمستانی ہواؤں کا زور جاری ہے۔ جس کے نتیجہ میں کم سے کم درجۂ حرارت ریکارڑ کیا جارہا ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیش گوئی ظاہر کی ہے کہ طویل خوشک موسم کا دورانیہ رواں ہفتہ کے آخر میں ختم ہو سکتا ہے۔ ایسے میں محکمۂ موسمیات نے 26 جنوری سے یکم فروری کے درمیان میدانی اور بالائی علاقوں میں ہلکی سے درمیانہ درجہ کی برفباری اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ 28 اور 29 جنوری کے درمیان میدانی اور بالائی علاقوں میں کئی مقامات پر ہلکی سے معتدل برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ وہیں 30 اور 31 جنوری کے دوران اکثر مقامات پر ہلکی سے درمیانہ درجہ کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:
خشک موسمی صورتحال: دریائے جہلم میں پانی کی سطح میں ریکارڈ کمی واقع
سرینگر میں آج رات کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 3.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جب کہ سیاحتی مقام گلمرگ میں منفی 4.5 اور پہلگام میں منفی 6.3 ڈگری سیلسیس درج کیا گیا۔ ادھر جموں میں رات کا کم سے کم درجۂ حرارت 4.1 ڈگری درج کیا گیا وہیں کٹرہ میں 5.4 ڈگری سیلسیس، بٹوٹ 2.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا اور بانہال میں رات کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 1.4 ڈگری سیلسیس رہا۔ لداخ خطے کے لیہہ میں رات کا کم سے کم درجۂ حرارت منفی 4.4 ڈگری جب کہ کرگل میں کم سے کم درجۂ حرارت منفی 10.5 ڈگری درج کیا گیا۔
وادیٔ کشمیر میں مسلسل خشک سالی اور باراں نہ ہونے سے پیدا ہوئی صورتحال کو انتہائی تشویشناک قرار دیا جارہا ہے وہیں بارش اور برفباری کے اس موسم میں خشک سالی کی وجہ سے نہ صرف کاشتکاری سے وابستہ لوگوں میں فکر و تشویش پایا جارہا ہے بلکہ موجودہ موسمی صورتحال سے صحت کے مسائل بھی پیدا ہوگئے ہیں۔ واضح رہے کہ وادیٔ کشمیر میں سخت سردی کے 40 دنوں پر محیط چلہ کلان کا دورانیہ 30 جنوری کو ختم ہورہا ہے۔