سرینگر:جموں کشمیر وقف بورڈ چیئرپرسن ڈاکٹر سید درخشاں اندرابی نے پائین شہر سرینگر میں واقع تاریخی پتھر مسجد کا دورہ کیا اور وہاں کئی معاملات کا جائزہ لیا۔ پتھر مسجد، وقف بورڈ کے زیر انتظام ہے اور ایک تاریخی یادگار ہونے کی وجہ سے اس کی دیکھ رکھ آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کر رہا ہے۔ ڈاکٹر درخشاں اندرابی کی آمد پر مقامی آبادی نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے مقامی سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ مسجد میں نماز ادا کرنے والوں کے لیے سہولیات اور بحالی کی بنیادی ضروریات کے بارے میں بھی بات چیت کی، تاکہ یہ تاریخی مقام محفوظ رہ سکے۔
ڈاکٹر اندرابی نے وقف بورڈ حکام کو عید سے قبل نمازیوں کی جگہ کی نئی خوبصورت چٹائی کا انتظام کرنے کے احکامات جاری کئے اور یہ بھی کہا کہ ’’میں جلد ہی آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا کے ساتھ اس تاریخی مسجد کی بحالی کی تجویز پر گفتگو کروں گی۔‘‘ اس موقع پر انہوں نے مقامی آبادی کو اس تاریخی جگہ کی دیکھ بھال کرنے اور اسے صاف ستھرا رکھنے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر وقف بورڈ کی چیئرپرسن ڈاکٹر درخشاں اندرابی کے ساتھ وقف بورڈ کے دیگر افسران کےعلاوہ متعلقہ سرکاری محکموں کے نمائندے بھی موجود تھے۔