اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں و کشمیر کے بلدیاتی اداروں میں او بی سی کی شرکت بڑھے گی: نیتانند رائے - نیتانند رائے

JK Local Bodies Laws Amendment 2024 جموں و کشمیر لوکل باڈیز قانون سے متعلق (ترمیمی) بل 2024 پر مختصر بحث کا جواب دیتے ہوئے نتیانند رائے نے کہا کہ یہ ایک ترقی پسند بل ہے اور اس کے ذریعے پنچایتوں، میونسپل کارپوریشنوں اور بلدیاتی اداروں میں دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن فراہم کیا جاسکتا ہے۔

نیتانند رائے
نیتانند رائے

By UNI (United News of India)

Published : Feb 6, 2024, 3:35 PM IST

جموں و کشمیر کے بلدیاتی اداروں میں او بی سی کی شرکت بڑھے گی: نیتانند رائے

نئی دہلی: مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے نے کہا کہ جموں و کشمیر لوکل باڈیز قانون سے متعلق (ترمیمی) بل 2024 کو پاس کرکے مقامی بلدیاتی اداروں میں میں دیگر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن دے کر اس طبقے کے ساتھ انصاف کیا جاسکتا ہے۔


لوک سبھا میں اس بل پر مختصر بحث کا جواب دیتے ہوئے رائے نے کہا کہ یہ ایک ترقی پسند بل ہے اور اس کے ذریعے پنچایتوں، میونسپل کارپوریشنوں اور بلدیاتی اداروں میں دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن فراہم کیا جاسکتا ہے۔


اس بل پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس کے جسبیر سنگھ گل نے کہا کہ عام لوگوں سے متعلق محکموں کو چلانے کی ذمہ داری بلدیاتی اداروں کو دی جانی چاہئے۔ بلدیاتی اداروں کے نمائندے عام لوگوں سے مسلسل جڑے رہتے ہیں، وہ ان کے مسائل کو بہتر طریقے پر سمجھتے ہیں جس کی وجہ سے وہ عوام کے مسائل کے حل میں موثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔


بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے جگل کشور شرما نے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات کے لوگ طویل عرصے سے اس بل کا انتظار کر رہے تھے۔ اس بل کے ذریعے ان کے ساتھ انصاف کیا جا سکتا ہے۔ اس سے اس طبقے کے لوگوں کے حوصلے بلند ہوں گے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی، جو ریاست میں حکومت کر رہی تھیں، نے اس طبقے کے ساتھ غیر منصفانہ رویہ برقرار رکھا تھا۔ اب مودی حکومت نے یہ بل لا کر واضح کر دیا ہے کہ وہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کہا کہ اس بل وہ اس بل کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اس بل کے ذریعے پنچایتوں، بلدیاتی اداروں اور میونسپل کارپوریشنوں میں دیگر پسماندہ طبقات کے لوگوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے گا۔


نیشنل کانفرنس کے رکن پارلیمان حسنین مسعودی نے کہا کہ اس بل پر بحث کے ساتھ ساتھ 5 اگست 2019 کو آرٹیکل 370 اور 35 اے کو ہٹانے کے فیصلے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بھی بات ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر میں انتخابات ہونے چاہئیں، تاکہ وہاں کے مقامی نمائندے ایسے قانون پاس کر سکیں۔ ریاستی حکومت اپنی ریاست کے لوگوں کے مفادات سے جڑے مسائل اور پریشابیوں کو بہتر طریقے سے حل کر سکتی ہے۔


ترنمول کانگریس کے سوگتا رائے نے چنڈی گڑھ کے میئر کے انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس انتخاب میں جو کچھ بھی ہوا وہ شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت کو ختم کر کے اسے مرکز کے زیر انتظام علاقہ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ وہاں کئی برسوں سے الیکشن نہیں ہوئے، یہ ناانصافی ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے اور وہاں انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔


نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کی سپریا سولے نے جموں و کشمیر کو ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ریزرویشن سے متعلق ایک مرکزی قانون لایا جانا چاہئے، تاکہ مہاراشٹر اور دیگر ریاستوں میں ریزرویشن کو لے کر کسی قسم کی تحریک کی ضرورت نہ ہو۔


شیوسینا کے پرتاپ راؤ جادھو نے کہا کہ کانگریس غریبوں کے لیے بڑی بڑی باتیں کرتی رہی ہے لیکن اس کے لیڈروں، سابق وزرائے اعظم جواہر لال نہرو اور راجیو گاندھی نے دیگر پسماندہ طبقات کے لیے ریزرویشن کی مخالفت کی تھی۔ پنڈت نہرو نے کاکا کالیلکر کمیشن برائے دیگر پسماندہ طبقات کی رپورٹ کو کوڑے دان میں پھینک دیا تھا۔ راجیو گاندھی نے منڈل کمیشن کی رپورٹ کی مخالفت کی تھی۔


انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کے اقتدار میں آنے کے بعد اقتدار میں دیگر پسماندہ طبقات کی شراکت میں اضافہ ہوا ہے۔ دیگر کاموں کے ساتھ ساتھ اس حکومت نے قومی پسماندہ طبقات کمیشن کو آئینی درجہ دینے جیسا بڑا کام کیا ہے۔
(یو این آئی )

ABOUT THE AUTHOR

...view details