اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

اننت ناگ میں سیاسی چہل پل، پی ڈی پی لیڈر محبوب بیگ نے کیے کاغذات نامزدگی داخل - JK Assembly Polls - JK ASSEMBLY POLLS

این سی ترک کرکے پی ڈی پی میں شامل ہوئے سابق رکن اسمبلی اور سینئر سیاستداں ڈاکٹر محبوب بیگ نے پی ڈی پی کی ٹکٹ پر جنوبی کشمیر کی اننت ناگ44 نشست پر کاغذات نامزدگی داخل کیے۔

پی ڈی پی لیڈر محبوب بیگ نے کیے کاغذات نامزدگی داخل
پی ڈی پی لیڈر محبوب بیگ (ای ٹی وی بھارت)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 23, 2024, 4:52 PM IST

پی ڈی پی لیڈر محبوب بیگ نے کیے کاغذات نامزدگی داخل (ای ٹی وی بھارت)

اننت ناگ:پی ڈی پی کے سینئر رہنما اور پارٹی کے آرگنائزگ جنرل سیکریٹری، ڈاکٹر مرزا محبوب بیگ نے ڈی سی آفس اننت ناگ میں کاغذات نامزدگی داخل کئے، محبوب بیگ اسمبلی حلقہ انتخاب اننت ناگ 44 سے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) کے امیدوار ہے۔ محبوب بیگ جمعہ کو ڈی سی آفس، اننت ناگ پہنچے جہاں پر پارٹی ورکرس نے ان کا استقبال کیا اور انہیں مبارکباد پیش کی۔

محبوب بیگ، اننت ناگ میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی ٹکٹ پر پہلی مرتبہ اسمبلی انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں، انہوں نے سنہ 2014 میں پی ڈی پی میں شمولیت اختیار کی تھی، اس سے قبل وہ نیشنل کانفرنس سے وابستہ تھے۔

کاغذات نامزدگی داخل کرنے کے بعد میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے بیگ نے کہا کہ ’’ماضی میں جنوبی کشمیر میں پی ڈی پی کا دبدبہ تھا۔‘‘ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ’’امید ہے کہ لوگ اُسی طرح پی ڈی پی کا ساتھ دے کر اُس دبدبہ کو پھر سے بحال کریں گے۔‘‘ بیگ نے پی ڈی پی کے دور اقتدار کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا ’’پی ڈی نے جموں کشمیر کے لئے جو کام کئے ہیں وہ لوگ بھولے نہیں ہیں۔ آنے والے اسمبلی انتخابات میں پی ڈی پی ایک بار پھر ایک بڑی سیاسی جماعت ابھر کر سامنے آئے گی۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’دفعہ 370 کی تنسیخ کے بعد پی ڈی پی ایک واحد ایسی پارٹی تھی جس نے کھلم کھلا مرکزی سرکار کی پالیسیوں کے خلاف آواز اٹھائی۔ پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے بے خوف ہو کر مرکزی سرکار کی پالیسیوں کا چیلنج کیا۔ اسلئے انہیں فخر ہے کہ وہ ایسی جماعت کی ٹکٹ پر انتخابات لڑ رہے ہیں جو جموں کشمیر کے لوگوں کے درد کو سمجھتی ہے۔

جنوبی کشمیر کے اننت ناگ سے تعلق رکھنے والے بیگ ایک قد آور سیاست دانوں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ جنوبی کشمیر کے اننت ناگ اسمبلی حلقہ سے 1983-1987 اور 2002-2008 کے دوران دو بار جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن رہے۔ مارچ 2009 سے مئی 2009 کے دوران بھی وہ جموں و کشمیر قانون ساز کونسل کے رکن رہے۔ بیگ، مرحوم مرزا محمد افضل بیگ کے فرزند ہیں، جو سابق وزیر اعلیٰ اور این سی کے بانی شیخ محمد عبداللہ کے قریبی ساتھیوں میں شمار کیے جاتے ہیں۔

سیاست میں آنے سے قبل محبوب بیگ ایک جنرل فزیشن ڈاکٹر تھے۔ سنہ 2014 میں انہوں نے این سی کا دامن یہ کہہ کر چھوڑ دیا کہ پارٹی قیادت نے کبھی بھی انہیں اعتماد میں نہیں لیا اور اننت ناگ میں تنظیمی امور اور ترقیاتی کاموں کے بارے میں ان کی تجاویز کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ بیگ، پی ڈی پی میں چیف ترجمان بھی رہے اور آج وہ پارٹی کے جنرل سیکریٹری آرگنائزنگ کی ذمہ داری بھی سنبھال رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پی ڈی پی کے منڈیٹ کی تقسیم کا محبوب بیگ نے کیا دفاع - Mehboob Beg on Revolt in PDP

ABOUT THE AUTHOR

...view details