اردو

urdu

ای سی آئی کی ٹیم سرینگر میں سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گی - JK Assembly Election

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Aug 6, 2024, 7:56 PM IST

جموں کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد سے قبل الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم یہاں کی سیاسی جماعتوں کے ساتھ جمعرات کو ملاقات کرے گی، اس حوالہ سے سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔

ای سی آئی کی ٹیم سرینگر میں سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گی
ای سی آئی کی ٹیم سرینگر میں سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گی (فائل فوٹو)

سرینگر:جموں کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم 8 اگست سے مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دورہ کرے گی اور سرینگر میں سیاسی جماعتوں سے ملاقات کرے گی۔ ای سی آئی کے ایک سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ٹیم کی قیادت چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار اور دو الیکشن کمشنرز گیانیش کمار اور ایس ایس سندھو کریں گے۔

ای سی آئی کی ٹیم سرینگر میں ایس کے آئی سی سی (SKICC) میں سیاسی جماعتوں کے نمائندوں سے ملاقات کرے گی اور یہ میٹنگ صبح 10.30 بجے شروع ہوگی۔ ای سی آئی نے میٹنگ کے لیے سیاسی جماعتوں کو دعوت نامے ارسال کیے ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے ای ٹی وی بھارت کو جمعرات (8 August) کو ای سی آئی سے ملاقات کی تصدیق کی ہے۔ دعوت نامے چیف الیکٹورل آفیسر جموں و کشمیر پی کے پولے کے ذریعے بھیجے گئے ہیں۔

سی ای او کی جانب سے سیاسی جماعتوں کو ارسال کیے گئے خط میں لکھا گیا ہے: ’’عزت مآب الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ایس کے آئی سی سی، سرینگر میں 8 اگست کو صبح 10.30 بجے نمائندوں سے ملاقات کرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ اس لیے آپ سے دلی درخواست کی جاتی ہے کہ آپ اپنی پارٹی کی طرف سے نامزد نمائندوں کو مقررہ تاریخ، وقت اور مقام پر الیکشن کمیشن آف انڈیا سے ملنے کے لیے بھیجیں۔‘‘

نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر ناصر اسلم وانی نے کہا کہ پارٹی کو اجلاس کے لیے سی ای او کی جانب سے دعوت موصول ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’ہم میٹنگ میں اسمبلی انتخابات کے انعقاد کا مطالبہ کریں گے جو طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ انتخابات میں تاخیر جموں و کشمیر کے لوگوں کے جمہوری حقوق کے ساتھ دھوکہ دہی ہوگی۔‘‘

جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ رویندر شرما نے کہا کہ وہ پی سی سی کے وفد کی قیادت کریں گے جس میں سینئر نائب صدر جی این مونگا اور سابق وزیر پیرزدہ محمد سید شامل ہوں گے۔ شرما نے کہا: ’’جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں۔ ہم ای سی آئی سے مطالبہ کریں گے کہ وہ انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہ کرے اور انہیں جلد از جلد منعقد کرے تاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو ان کی منتخب حکومت ملے نہ کہ بیوروکریٹک راج۔‘‘

پی ڈی پی کے ایک رہنما نے بتایا کہ پارٹی کو دعوت نامہ موصول ہوا ہے اور اس کے وفد کی قیادت پارٹی کے جنرل سیکریٹری غلام نبی لون (ہانجورہ) کریں گے۔ سی پی آئی (ایم) کے ریاستی سیکریٹری ایم وائی تاریگامی نے کہا کہ عباس راتھر، عبد الرشید اٹو اور غلام محمد شاہ سمیت تین رہنما ای سی آئی سے ملاقات کر رہے ہیں۔ وہیں بی جے پی کے ایک رہنما نے کہا کہ ان کا وفد ای سی آئی سے ملاقات کرے گا اور پارٹی صدر میٹنگ کے لیے نمائندوں کو نامزد کریں گے۔

ذرائع نے بتایا کہ ای سی آئی کی ٹیم چیف سیکریٹری اتل ڈلو، ڈائریکٹر جنرل آف پولیس آر آر سوائن اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں کے ساتھ انتخابات کے انعقاد پر ان کے تاثرات اور ردعمل کے بارے میں ملاقاتیں کرے گی۔

جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتیں اسمبلی انتخابات کا عرصہ دراز سے مطالبہ کر رہی ہیں۔ یہاںآخری مرتبہ اسمبلی الیکشن 2014 میں منعقد ہوئے تھے۔ ای سی آئی کا دورہ سپریم کورٹ کی جانب سے حکومت ہند کو 30 ستمبر سے پہلے جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کرانے کی ہدایت کے پس منظر میں کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:ریاستی درجہ کی بحالی کے لئے جموں میں احتجاج - Statehood of Jammu kashmir

ABOUT THE AUTHOR

...view details