نئی دہلی: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات 2024 کا اعلان ہوتے ہی سیاسی سرگرمیاں تیز ہوگئی ہیں۔ سیاسی جماعتوں نے انتخابی مہم شروع کر دی ہے۔ غور طلب ہے کہ الیکشن کمیشن نے 18، 25 ستمبر اور یکم اکتوبر کو تین مرحلوں میں انتخابات کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی 4 اکتوبر کو ہوگی۔
اس سلسلے میں کانگریس نے منگل کو نو امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے اس فہرست کا اعلان کیا ہے۔ جموں و کشمیر میں 90 اسمبلی سیٹوں کے لیے ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کے مطابق یونین ٹیریٹری میں 88.06 لاکھ ووٹر ہیں۔
غور طلب ہے کہ اس بار اسمبلی انتخابات 2024 میں کانگریس اور نیشنل کانفرنس کے درمیان سیٹوں کا اتحاد ہے۔ جانکاری کے مطابق کانگریس کی پہلی فہرست میں غلام احمد میر کو دورو سے اور وقار رسول وانی کو بانہال سے ٹکٹ دیا گیا ہے۔ پیرزادہ محمد سید اننت ناگ سے جبکہ شیخ ریاض ڈوڈہ سے الیکشن لڑیں گے۔
وہیں سریندر سنگھ چنی کو ترال سیٹ سے، امان اللہ منٹو کو دیوسر سے، شیخ ظفر اللہ کو اندروال سے، ندیم شریف کو بھدرواہ سے اور پردیپ کمار بھگت کو ڈوڈا ویسٹ سے میدان میں اتارا گیا ہے۔ اس سے قبل پیر کو نیشنل کانفرنس نے 18 امیدواروں کی فہرست جاری کی تھی۔ کانگریس پارٹی نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے اس فہرست کو اپنی رضامندی دے دی ہے۔