سرینگر:جموں کشمیر اپنی پارٹی نے اسمبلی انتخابات کے لیے منشور جاری کیا جس میں جموں وکشمیر کی مکمل ریاستی درجے کی بحالی اور کشمیری نوجوانوں کے خلاف بغیر کسی گھناؤنے جرائم کے ان پر عائد پبلک سیفٹی ایکٹ (Public Safety Act) کو منسوخ کرنے کو یقینی بنانے کی بات کہی گئی ہے۔ سرینگر میں بدھ کو ایک پریس کانفرنس میں اپنی پارٹی کے جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر نے انتخابی منشور جاری کرتے ہوئے اس میں شامل کئی اہم نکات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپنی پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو وہ جموں و کشمیر کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے لیے جدوجہد کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کشمیری نوجوانوں کے خلاف عوامی تحفظ کے اقدامات کے بارے میں بھی بات کرے گی۔ انہوں نے کہا: ’’ہمارا ایجنڈا ان تمام نوجوانوں کو رہا کرانا ہے جنہوں نے گھناؤنے جرائم کا ارتکاب نہیں کیا ہے۔ اور ان نوجونوں کو ایک وقتی معافی کے تحت رہا کرنے پر کام کریں گے۔‘‘ رفیع احمد میر نے مزید کہا کہ پارٹی ترمیم شدہ قوانین کی بحالی، زمین کے تحفظ، ملازمتوں اور کشمیری پنڈتوں کی واپسی کے لیے جد و جہد کی وعدہ بند ہے۔
اپنی پارٹی منشور میں موسم سرما کے دوران کشمیر صوبے میں جبکہ موسم گرما کے دوران جموں کے باشندوں کو 500 یونٹ مفت بجلی کی فراہمی بھی شامل ہے۔ یاد ہے کہ پیر کے روز نیشنل کانفرنس نے بھی اپنا انتخابی منشور جاری کیا جس میں انہوں نے لوگوں کو بجلی، پانی اور گیس مفت فراہم کرنے کے علاوہ ووٹروں کو لبھانے کے لئے کئے وعدے بھی کئے ہیں۔