سرینگر :انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے گجرات سے تعلق رکھنے والے کرن پٹیل نامی ٹھگ کے خلاف پراسیکیوشن کی شکایت دائر کر دی ہے۔ پٹیل کو گزشتہ سال وزیر اعظم آفس (پی ایم او) کے ایک سینئر آفیسر کا روپ دھارنے اور حکومت سے خصوصی پروٹوکول حاصل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پٹیل کو مارچ میں سرینگر سے اس وقت حراست میں لیا گیا تھا جب وہ خود کو پی ایم او آفس میں ’’ایڈیشنل سیکریٹری‘‘ ظاہر کر رہا تھا۔
ای ڈی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ پراسیکیوشن شکایت 28 اکتوبر 2024 کو سرینگر کی خصوصی عدالت (پی ایم ایل اے) میں پریونشن آف منی لانڈرنگ ایکٹ 2002 کے تحت دائر کی گئی۔ عدالت نے شکایت کا نوٹس لے لیا ہے جو کہ پٹیل کے خلاف قانونی کارروائی میں ایک اہم پیشرفت ہے۔
پٹیل، جو گجرات کے احمد آباد سے تعلق رکھنے والے جگدیش بھائی پٹیل کے بیٹے ہیں، کو سرینگر کے ایک لگژری ہوٹل میں قیام کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ وہ پی ایم او کے اعلیٰ افسر بن کر مختلف مراعات اور حساس علاقوں تک رسائی حاصل کر رہے تھے۔