پلوامہ (جموں کشمیر) :پلوامہ سے رکن اسمبلی اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی لیڈر وحید الرحمان پرہ نے بڑھتے عسکری حملوں اور ان میں ہوئی ہلاکتوں پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’کشمیر کے سبھی مسائل کو حل کرنے کا واحد راستہ بات چیت ہے۔ معصوم لوگوں کی جانیں جا رہی ہیں جس کے لئے ریاستی و مرکزی حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔‘‘ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں کے دوران وادی کشمیر میں کئی عسکری حملے ہوئے جن میں غیر مقامی شہریوں، پورٹرز سمیت فوجی اہلکاروں کی بھی ہلاکت ہوئی۔
وحید پرہ نے پلوامہ میں میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات چیت کے دوران مرکزی و جموں کشمیر حکومت سے بات چیت (ڈائیلاگ) کے پراسیس کو پھر سے شروع کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا: ’’مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر حکومت کو بھی وادی میں حالات کو معمول پر لانے کے لیے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان بات چیت پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے تاکہ لوگ امن، خوشحالی اور ترقی کے ساتھ رہ سکیں۔‘‘ وحید پرہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات سے سبھی طرح کے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔
سابق ایم ایل اے محروم مفتی محمد سید کی ’’ہیلنگ ٹچ پالیسی‘‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’مرحوم مفتی صاحب کی پالیسی کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے تاکہ جموں وکشمیر میں دائمی امن وامان قائم ہو سکے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ منعقد ہوئے اسمبلی انتخابات میں نمائندوں نے جموں و کشمیر کے قیدیوں خاص کر نوجوانوں کو جیلوں سے رہا یا کم از کم بیرون ریاستوں کی جیلوں سے جموں و کشمیر منتقلی کے نام پر ووٹ لئے تاہم اس حوالہ سے ابھی تک کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔
پرہ نے مزید کہا کہ ’’انتخابات کے دوران سبھی سیاسی جماعتوں نے نوجوانوں کو جیلوں سے رہا کرنے کے بلند و بانگ دعوے کیے تاہم اس ضمن میں اقدامات اٹھائے جانے کے برعکس ابھی بھی نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کی جا رہی ہے۔‘‘ پرہ نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا: ’’وادی کے کسی بھی علاقے میں اگر عسکری کارروائی ہوتی ہے تو کشمیر کے طول و ارض میں پوچھ تاچھ کے نام پر نوجوانوں کی پکڑ دھکڑ کی جا رہی ہے۔‘‘ پرہ کے مطابق: ’’اس پکڑ دھکڑ کے سلسلے اور خونریزی کے خاتمے کے لیے بات چیت کو آگے بڑھانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں:ایم ایل اے پلوامہ کی بجلی فراہمی میں بہتری کی اپیل