سرینگر:جموں و کشمیر کے وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ اتوار کو کشمیر کی پہلی بین الاقوامی میراتھن (دوڑ) کا افتتاح کریں گے، جس میں تقریباً 2000 ایتھلیٹس، بشمول 59 بین الاقوامی کھلاڑی دوڑیں گے۔ شرکاء کے لیے 42 کلومیٹر کی مکمل میراتھن اور 21 کلومیٹر کی نصف میراتھن کے درمیان انتخاب ہوگا۔ سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر ٹورزم راجہ یعقوب فاروق نے اس تاریخی میراتھن پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا: ’’یہ پہلا موقع ہے کہ ہمیں کشمیر میں ایک میراتھن کے لیے 2000 سے زیادہ رجسٹریشن موصول ہوئی ہیں۔‘‘
راجہ یعقوب نے مزید بتایا کہ ’’ہمیں بھارت کی 29 ریاستوں اور یونین ٹیریٹریز کے علاوہ 13 ممالک سے بھی رجسٹریشن موصول ہوئی ہیں، جو اس ایونٹ کی وسیع مقبولیت کو ظاہر کرتا ہے۔ مقامی ایتھلیٹس میں سے 30 سے 35 کھلاڑی بھی اس ایونٹ میں حصہ لیں گے۔‘‘ یہ میراتھن دنیا کو امن اور استقامت کا پیغام دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔ یعقوب نے مزید کہا: ’’یہ ایونٹ بین الاقوامی مقابلوں کی میزبانی کے لیے ہماری تیاری اور ہماری منفرد ثقافت کو اجاگر کرنے کا ثبوت ہے۔‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ ایتھلیٹس کشمیر کے ثقافتی سفیر کے طور پر کام کریں گے۔