سرینگر (جموں کشمیر) :وادی کشمیر میں اسمارٹ واٹر میٹر (Smart Water Meter) نصب کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کی گئی ہیں۔ ایسے میں جموں کشمیر انتظامیہ پانی کے معقول استعمال کو یقینی بنانے کے لئے رواں برس کے آخر تک یہ سمارٹ واٹر میٹر نصب کرنے جا رہا ہے۔ اس پروجیکٹ کو جل شکتی محکمہ کی جانب سے مرحلہ وار طریقے سے لاگو کیا جائے گا۔ جس کا پہلا مرحلہ سرینگر ضلع میں شروع کیا جا رہا ہے۔
محکمہ جل شکتی کے مطابق کشمیر میں اسمارٹ واٹر میٹر نصب کرنے کی تجویز آخری مرحلے میں ہے اور اس پر عمل درآمد اس برس کے آخر میں ہی شروع ہو جائے گا۔ پہلے مرحلے کے تحت تجارتی اداروں کا احاطہ کیا جائے گا۔ بعد میں دیگر زمرے اس کے دائرہ کار میں لائے جائیں گے۔ جل شکتی محکمہ کے چیف انجینئر نے کہا ہے کہ ’’واٹر میٹر متعارف کرانے میں وقت لگے گا لیکن شروعات ہو چکی ہے اور جلد ہی بلنگ (billing) کے عمل کی مدت اور ادائیگی کے طریقہ کار کا فیصلہ کیا جائے گا۔‘‘