اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

جموں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، بچاؤ اور کنٹرول کے لئے میٹنگ منعقد - DENGUE CASES IN JAMMU

ڈپٹی کمشنر جموں نے ڈینگی سے بچاؤ اور کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لینے اور نگرانی کے لیے میٹنگ کی صدارت کی۔

جموں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ
جموں میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ (Getty Images)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Oct 14, 2024, 6:01 PM IST

جموں: جموں کشمیر میں بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں کو بھی ڈینگو کا سامنا ہے۔ اوسطاً روزانہ ڈینگی کے 100 نئے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ جموں ضلع سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ اب تک پائے جانے والے کل کیسز میں سے 69 فیصد اس ضلع سے ہیں۔ محکمہ سکول ایجوکیشن نے بچوں کو مکمل آستین والے یونیفارم میں آنے اور جسم کے نچلے حصے کو مکمل طور پر ڈھانپنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

ماہرین کے مطابق اکتوبر کے مہینے میں ڈینگی کے کیسز عروج پر پہنچ سکتے ہیں۔ محکمہ صحت کے اعداد شمار کے مطابق اب تک جموں کشمیر میں ڈینگو کے 2722 کیسز میں سے 1764 جموں ضلع سے پائے گئے ہیں۔ جموں شہر کے کئی علاقے ہاٹ سپاٹ بن گئے ہیں۔ ڈینگی نے شہر کے تقریباً تمام شہری علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ تاہم یہ امر راحت کی بات ہے کہ سرکاری طور پر ابھی تک ڈینگی سے متاثرہ کسی کی موت نہیں ہوئی ہے۔

سرکاری اعداد شمار کے مطابق پچھلے سال کے مقابلے جموں کشمیر میں اب تک تقریباً اتنی ہی تعداد میں کیسز پائے گئے ہیں۔ سال 2023 میں 2820 کیسز تھے جو اس بار 2722 تک پہنچ گئے ہیں۔ جموں کے بعد سانبہ میں 305، کٹھوعہ میں 251، ادھم پور میں 110، ریاسی میں 76، راجوری میں 63، پونچھ میں 45، ڈوڈہ میں 47، رام بن میں 24، کشتواڑ میں 6، کشمیر میں 12 اور دیگر سے 19 معاملے سامنے آئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اب تک چکن گنیا کے 131 کیسز پائے گئے ہیں جن میں سے 119 کیس جموں کے ہیں۔

کیسز میں اضافے کو لیکر ڈپٹی کمشنر جموں سچن کمار ویشیا نے ضلع میں ڈینگی سے بچاؤ اور کنٹرول کے اقدامات کا جائزہ لینے اور نگرانی کرنے کے لیے ایک میٹنگ کی صدارت کی۔

سرکاری ترجمان نے بتایا کہ ڈی سی نے ڈینگی کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرنے اور مختلف نجی و سرکاری میڈیا اداروں کے ذریعے عام لوگوں کو ڈینگو سے بچنے کے بارے میں آگاہی پھیلانے کی اہمیت پر زور دیا۔ سرکاری ترجمان کے مطابق انہوں نے ڈینگی کے موجودہ کیسز کے علاج اور انتظام پر بھی تبادلہ خیال کیا اور اس بات پر زور دیا کہ صورتحال اس وقت قابو میں ہے۔

متعلقہ افسران نے ڈی سی کو کیسز کی شناخت کے لیے گھر گھر سروے کیے جانے کے بارے میں بتایا، جس میں اب تک تقریباً 1 لاکھ گھروں کا دورہ کیا گیا ہے۔ پرائیویٹ ہسپتالوں اور ڈائیگناسٹک لیبز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کیسز کی کڑی نگرانی کریں اور ضلع انتظامیہ کو رپورٹ کریں۔ ڈی سی نے عوام سے اپیل کی کہ ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوری طور پر ہسپتال پہنچیں اور خود دوائی لینے سے گریز کریں۔

ABOUT THE AUTHOR

...view details