بانڈی پورہ: جموں و کشمیر کے چیف الیکٹورل آفیسر پی کے پولے نے جمعرات کو بانڈی پورہ میں کہا کہ شمالی کشمیر کے سرحدی علاقوں میں انتخابات کے دوران اگر کوئی خلل پڑتا ہے تو ہم پلان بی کے ساتھ تیار ہیں، پہلے اور دوسرے مرحلے کی طرح پرامن انتخابات کے لیے پر امید ہیں۔ بانڈی پورہ میں منعقد ووٹرز بیداری پروگرام کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وادی میں اسمبلی انتخابات امن برقرار رکھنے کے لئے لوگوں اور سیکورٹی فورسز کی وجہ سے پرامن طریقے سے ہورہے ہیں۔
پولنگ کے دن سرحدی علاقوں میں کوئی رکاوٹ پیدا ہوئی تو ہم متبادل منصوبہ کے ساتھ تیار ہیں: پی کے پولے (Etv bharat) انہوں نے لوگوں کی ترقی کے لیے ووٹ دینے کی اہمیت پر زور دیا اور امید ظاہر کی کہ اس اسمبلی انتخابات میں بانڈی پورہ میں رائے دہی کا فیصد ریکارڈ توڑ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ "وادی میں پرامن طور پر پولنگ ہوئی، لوگ اب ووٹ ڈالنے کے لیے لمبی قطاروں میں کھڑے ہیں۔ لوگ جمہوریت میں حصہ لے کر خوش ہیں''۔
اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کے لئے بانڈی پورہ ضلع میں 312 پولنگ اسٹیشن بنائے گئے ہیں اور الیکشن کمیشن نے 01 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے لیے تمام رسمی کارروائیاں مکمل کر لی ہیں۔ پی کے پولے نے کہا کہ میں نے آج سرحدی علاقے گریز کا بھی دورہ کیا ہے۔ لوگ بے صبری سے انتخابات کے دن کا انتظار کر رہے ہیں۔ ہماری سرحدیں اب تک پرامن ہیں، ہمیں امید ہے کہ یہ یہ امن پولنگ کے دن بھی برقرار رہے گا۔
بانڈی پورہ میں منعقدہ ووٹرز بیداری کے اس پروگرام میں سینکڑوں طلباء اور پہلی بار ووٹروں نے شرکت کی جنہوں نے ووٹروں کی بیداری بڑھانے کے لیے کئی دیگر پروگرام پیش کیے۔ بانڈی پورہ کے علاوہ دیگر مقامات پر بھی اس طرح کے پروگرامس منعقد کیے گئے تھے۔ تاکہ لوگوں کے اندر ووٹ کی اہمیت اور اس کے تئیں شعور بیدار ہو۔