اننت ناگ (جموں کشمیر) :یوم عاشورہ کی مناسبت سے جنوبی کشمیر کی معروف ادبی تنظیم مراز ادبی سنگم نے ضلع اننت ناگ کے اولڈ ایج ہوم پازال پورہ، بجبہاڑہ میں ایک حسینی مشاعرہ منعقد کیا۔ مشاعرہ میں مراز ادبی سنگم کے صدر علی شیدا، یوسف جہانگیر، رشید صدیقی، غلام محمد لالو، ریاض انزنو، اظہار مبشر سمیت کئی شعراء نے شرکت کی۔ شعراء نے منظوم کلام کے ذریعے شہداء کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کیے۔
تقریب کی صدارت کرتے ہوئے علی شیدا نے کہا کہ ’’یہ محفل حضرت امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی عظیم قربانیوں کی یاد میں منعقد کی گئی ہے۔ مشاعرے کے انعقاد کا مقصد نئی نسل کو کربلا کے عظیم واقعے کی اہمیت اور اس کے پیغام سے روشناس کرانا ہے۔‘‘ مشاعرہ کے حاشیہ پر یوسف جہانگیر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’مراز ادبی سنگم جنوبی کشمیر کی سب سے بڑی ادبی تنظیم ہے، اور سانحہ کربلا پر حسینی مشاعرہ کا انعقاد اس تنظیم کی روایت رہی ہے۔‘‘
مشاعرہ کے متعلق مزید تفصیلات فراہم کرتے ہوئے انہوں نے کہا: ’’اس متبرک مہینے میں امام حسین اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کا تذکرہ ہر سوں ہوتا ہے، اور ہماری تنظیم نے بھی محفل مشاعرہ کا انعقاد کرکے شعراء کرام نے قتیل نینوا کے تئیں اپنے اشعار کے ذریعے گلہائے عقیدت پیش کیے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال اس دن کو مراز ادبی سنگم کی جانب سے شعراء کو مدعو کرکے شہداء کربلا کے تئیں محبت کا اظہار کیا جاتا ہے۔