شوپیان : جموں و کشمیر کے شوپیاں میں محکمہ زراعت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے مشترکہ کاروائی کرتے ہوئے بڑی مقدار میں غیرمعیاری کھاد کو ضبط کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق شوپیان میں محکمہ زراعت نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے 80 کنٹل سے زائد غیر معیاری کھاد کو ضبط کرلیا۔ زراعتی مصنوعات میں ملاوٹ اور غیر معیاری اشیاء کی فروخت کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے محکمہ زراعت نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر شوپیاں میں 80 کنٹل سے زائد غیر معیاری اور غلط لیبل والی کھاد ضبط کر لی۔
حکام کے مطابق یہ کارروائی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئی، جس میں انکشاف ہوا کہ مارکیٹ میں ایسی کھاد فروخت کی جا رہی تھی جو معیار پر پوری نہیں اترتی۔ ضبط شدہ کھاد کے غلط لیبلنگ ہونے کے باعث اس کے زمین کی زرخیزی اور فصلوں پر مضر اثرات مرتب ہونے کا خدشہ تھا۔ انتظامیہ نے اس غیر قانونی کاروبار میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا عندیہ دیا ہے اور کسانوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند اور منظور شدہ ڈیلرز سے کھاد خریدیں تاکہ معیار اور زراعتی قوانین کی پاسداری کو یقینی بنایا جا سکے۔