بارہمولہ: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں پولیس اسٹیشن ماگام کے کیس ایف آئی آر نمبر 150/2024 کی تحقیقات کے دوران حاصل ہونے والی معتبر لیڈز پر کام کرتے ہوئے بارہمولہ پولیس، بڈگام پولیس اور 62 آر آر کے ذریعہ پولیس اسٹیشن کنزر کے دائرہ اختیار میں گاؤں مالوا سے متصل جنگلات میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا گیا۔
جنگلاتی علاقے میں سرچ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں کے ایک ٹھکانے کا پتہ لگایا گیا۔ ٹھکانے کی باریکی سے تلاشی لینے کے بعد سکیورٹی فورسز نے اسے تباہ کر دیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس ٹھکانے سے اسلحہ اور گولہ بارود کے ساتھ مجرمانہ مواد بھی برآمد کیا گیا۔
قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مواد قبضے میں لینے کے بعد ٹھکانے کو موقعے پر ہی تباہ کر دیا گیا۔ اس دوران اسلحہ اور گولہ بارود کی برآمدگی اور ٹھکانے کی تباہی نے کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے کو ناکام بنا دیا گیا اور وادی کشمیر میں امن اور ہم آہنگی کو پٹری سے اتارنے کی ممکنہ کوششوں کو اور منصوبوں کو ناکام بنا دیا گیا۔
اس سے قبل شوپیاں کے بجبیہار میں بھی عسکریت پسندوں کی ایک کمین گاہ کا انکشاف ہوا تھا۔ وہاں جنگلاتی علاقے میں بنائے گئے ایک ٹھکانے کا پتہ چلا تھا۔ سکیورٹی فورسز نے اس ٹھکانے سے قابل اعتراض اور مجرمانہ مواد برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔