سری نگر: جموں وکشمیر لداخ ہائی کورٹ نے یونین ٹریٹری انتظامیہ کو میر واعظ عمر فاروق کی طرف سے ان کی نقل و حمل پر عائد پابندی کے خلاف دائر عرضی کے لیے جواب داخل کرنے کا آخری موقع فراہم کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق میر واعظ مولوی عمر فاروق نے اپنے مذہبی فرائض پر لگاتار پابندیوں کو چیلنج کرنے کی خاطرجموں وکشمیر ہائی کورٹ میں ایک عرضی دائر کی تھی۔
بدھ کے روز جموں وکشمیر ہائی کورٹ میں عرضی کی شنوائی کے دوران جسٹس وسیم صادق نروال نے جموں وکشمیر انتظامیہ کو میر واعظ کی عرضی کا جواب دینے کی خاطر آخری موقع دے دیاہے۔
جسٹس وسیم صادق نروال نے کہا کہ اگر میر واعظ کی عرضی کا جواب نہیں دیا گیا تواگلی تاریخ پر اس معاملے کی باضابط طورپر شنوائی ہوگی۔ بتادیں کہ 2فروری 2024کو ہائی کورٹ نے جموںوکشمیر کی انتظامیہ کو 19فروری تک جواب دینے کو کہا تھا۔ معلوم ہواہے کہ سنگل بینچ نے اس کیس کی اگلی سماعت 6مارچ کو مقرر کی ہے۔ واضح رہے کہ علیحدگی پسند لیڈر اور مذہبی رہنما میر واعظ مولوی عمر فاروق کو 4اگست 2019سے گھر میں نظر بند رکھا گیا تھا تاہم گزشتہ سال 22ستمبر کو چار سال سے زائد عرصے کے بعد انہیں جامع مسجد سری نگر میں واعظ و تبلیغ کی اجازت دے دی گئی۔