ETV Bharat / jammu-and-kashmir
حضرت شاہ ہمدانؒ کی عظیم شخصیت کی بدولت ہی اہل کشمیر کو اسلام کی دولت ملی: میر واعظ - Hazrat Shah Hamdan spread of Islam
Hazrat Shah Hamdan spread of Islam in Kashmir جموں و کشمیر کے میر واعظ مولوی عمر فاروق نے حضرت شاہ ہمدانؒ کے عرس کے موقع پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی وجہ سے ہی اہل کشمیر کو اسلام کی عظیم دولت ملی ہے۔
Published : Jun 12, 2024, 5:54 PM IST
سرینگر: میرواعظ کشمیر ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے عالم اسلام کے سرکردہ مصلح، داعی دین اور اہل کشمیر کے سب سے بڑے محسن سیدالسادات امیر کبیر میر سید علی ہمدانیؒ کے عرس پاک کے موقع پرحضرت شاہ ہمدانؒ کی گرانقدر دینی، دعوتی، تصنیفی اور اصلاحی خدمات کو یاد کرتے ہوئے حضرت شاہ ہمدانؒ کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت و محبت پیش کیا ہے۔ میرواعظ نے حضرت شاہ ہمدانؒ کو حقیقت، معرفت، صداقت، امانت، دیانت اور ولایت کا تاجدار بتاتے ہوئے انہیں کشمیریوں کا حقیقی معنوں میں ایک عظیم محسن اور مشفق و مربی قرار دیا، جنہوں نے ختلان ایران سے کشمیر کا غیر معمولی پُر مشقت اور جدوجہد کے بعد سفر کرکے اہل کشمیر کو دین حق کی طرف عملاً دعوت دی اور اہالیان کشمیر نے حضرت امیر کبیر کی ربانی آواز پر والہانہ لبیک کہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی ایمانی قوت اور اعلیٰ روحانیت کا کرشمہ اور اعجاز تھا کہ ان کے صرف تین تبلیغی دوروں کے نتیجے میں پوری وادی کشمیر میں ہمیشہ کیلئے ایمان، اسلام اور اخلاق کی بہاریںآگئیں اور کشمیر کی تاریخ ہی نہیں بلکہ تقدیر بھی ہمیشہ کیلئے بدل کر رہ گئی اور تاریخ تو بدلی جاتی ہے لیکن تقدیر نہیں بدلی جاسکتی۔ انہوں نے کہا گیا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کی عظیم شخصیت کی بدولت نہ صرف اہل کشمیر کو اسلام کی بے بہا دولت ملی بلکہ ان کے طفیل یہاں صنعت و حرفت، فنکاری اور دستکاری کے بے شمار دروازے کھل گئے اور معاشی میدان میں بھی ایک خوشگوار انقلاب برپا ہو گیا اور اہل کشمیر ان صنعتوں کی بدولت عالمی سطح پر آگے بڑھنے لگے اور یہ صنعتیں انکے لئے طرئہ امتیاز بن گئیں۔
میرواعظ نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدانؒ کا عرس منانے کا حق تبھی ادا کیا جاسکتا ہے جب حضرت کے دکھلائے ہوئے راہ حق اور قرآن و حدیث کی رہنمائی کو ہم سب اپنی زندگیوں کیلئے مشعل راہ بنائیں اور اپنی زندگیوں کو اسلامی تعلیمات کے سانچے میں ڈھالنے کا عزم اور عہد کریں۔