سری نگر: وادی کشمیر میں خشک موسم اور منجمد سردی کے درمیان، چلہ کلاں کا 40 دن طویل سردی کا موسم 20 اور 21 دسمبر کی درمیانی رات سے شروع ہوگا۔ چلہ کلاں کو "شہنشاہ زمستان" کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔ یہ 21 دسمبر کو شروع ہوتا ہے اور 31 جنوری کو ختم ہوتا ہے۔
چلہ کلاں کے دوران، ٹھنڈک میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے، جب کہ شدید برف باری اور درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے رہنے کی وجہ سے پانی کے ذخائر اور یہاں تک کہ گھروں میں پانی کے نلکے بھی جم جاتے ہیں۔
ایسے میں سری نگر میں گزشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ رات منفی 6 ڈگری سیلسیس تھا۔ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 7.6 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا جو کل رات منفی 7 ڈگری رہا۔ اسی طرح سیاحتی مقام پہلگام میں رات کا کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 جبکہ گلمرگ میں منفی 6 ڈگری سیلسیس رہا۔
اپنے چالیس دنوں کے دوران چلہ کلاں لوگوں کو سخت ترین مشکلات میں ڈالنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑتا۔ تاہم عموماً چلہ کلاں میں برفیلی ہواؤں کی وجہ سے پوری وادی شدید سردی کی لپیٹ میں آجاتی ہے۔