سرینگر (جموں کشمیر) :عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رکن اسمبلی معراج ملک نے جمعہ کو جموں و کشمیر کی اسمبلی میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر الزام عائد کیا ہے کہ جموں و کشمیر کے چناب ویلی اور پیر پنجال خطے میں مرکزی حکومت نے لوگوں کو بغیر تربیت کے ہی ہتھیار فراہم کیے جس کے نتیجے میں کشتواڑ میں حالیہ ہلاکتیں ہوئیں۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ملک نے کہا کہ ’’بی جے پی نے سیاسی فائدے کے لیے اور ہندوتوا کے نام پر لوگوں کو ہتھیار دیے جو کہ مہلک ثابت ہوئے۔‘‘ انہوں نے سوال کیا کہ ’’کیا کشتواڑ میں مارے جانے والے افراد کو ہتھیار چلانا آتا تھا؟ کیا وہ نشانہ لگا سکتے تھے؟ ایم ایل اے نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ اس نے ’سیدھے سادے، بھولے بھالے لوگوں‘ کو الیکشن میں فائدہ کے لیے ہتھیار فراہم کیے، جس کا نتیجہ کشتواڑ جیسے ’’افسوسناک حادثے‘‘ کی صورت میں نکلا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے ایم ایل ایز کو، جن کے حلقوں میں یہ ہلاکتیں ہوئیں، آج اس پر بات کرنی چاہیے تھی، لیکن وہ انتشار پھیلانے میں مصروف رہے۔