پلوامہ (جموں کشمیر) :دودھ مرگ، ترال کی مقامی گجر برادری نے پہاڑی ریزرویشن بل کے خلاف ایک بار پھر احتجاج کرتے ہوئے اس بل کو واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ احتجاج کر رہے گجر بکروال طبقے کے باشندوں کا دعویٰ ہے کہ ’’پہاڑی طبقہ سے وابستہ افراد کو پہلے ہی کئی مراعات حاصل ہیں اور اس بل کے راجیہ سبھا میں منظور کیے جانے سے گجر برادری کے حقوق پر شب خون مارا جا رہا ہے۔‘‘ احتجاج کر رہے گجر بکروال طبقہ سے وابستہ افراد نے کہا کہ ’’اگر اس بل کو راجیہ سبھا میں پاس کیا گیا تو گجر برادری احتجاج میں شدت لائے گی۔‘‘
ہفتہ کے روز برفباری کے باوجود گجر اور بکروال طبقے سے وابستہ نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے دودھ مرگ، ترال میں پہاڑی ریزرویشن بل کے خلاف احتجاج کیا۔ احتجاج میں شامل نوجوانوں نے مرکزی سرکار سے درخواست کی کہ اس بل کو راجیہ سبھا میں پاس نہ کیا جائے کیونکہ اس بل کے پاس ہونے سے اس طبقے کے حقوق پامال ہوں گے، اور یہ طبقہ پہلے ہی پسماندگی کا شکار ہے اور اسے مزید پسماندہ ہوگا۔