پلوامہ (جموں کشمیر):جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میں گورنمنٹ ڈگری کالج، راجپورہ میں خواتین کو با اختیار بنانے کے لیے دو ماہ کا ’’کٹنگ اور ٹیلرنگ‘‘ (Cutting and Tailoring) کورس شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد علاقے کی خواتین کو خود روزگار کے قابل بنانا اور معاشی خود مختاری فراہم کرنا ہے۔ یہ کورس محکمہ سماجی بہبود پلوامہ کے تعاون سے شروع کیا گیا اور اس سے خواتین کو ’’کٹنگ اور ٹیلرنگ‘‘ کی بنیادی مہارتیں سکھائی جا رہی ہیں، جس سے وہ اپنا کاروبار شروع کر سکتی ہیں اور باعزت روزی کما سکتی ہیں۔
پلوامہ میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کے پیش نظر، کالج انتظامیہ اور محکمہ سماجی بہبود نے مل کر اس منصوبے کو حقیقت کا روپ دیا ہے تاکہ مقامی خواتین کو ہنر مند بنایا جا سکے اور وہ معاشی میدان میں اپنی جگہ بنا سکیں۔ اس موقع پر طلباء نے پرنسپل اور محکمہ سماجی بہبود کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس کورس نے انہیں عملی زندگی میں قدم رکھنے کا اعتماد دیا ہے۔