گاندربل، جموں وکشمیر:پولیس اسٹیشن گاندربل نے ایک منشیات فروش کو گرفتار کرکے اْس کے قبضہ سے منشیات بھی ضبط کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اسٹیشن گاندربل کو معتبر ذرائع سے اطلاع ملی کہ ایک شخص سجاد احمد صوفی ولد غلام حسن صوفی ساکن سالورہ گاندربل اپنے نجی ٹرک زیر رجسٹریشن نمبر JK03H-8638 میں ممنوعہ نشیلی اشیاء اسمگلر کر رہا ہے۔ اطلاع ملنے کے بعد ایس ایس پی گاندربل نکھل بورکر کی ہدایت پر ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹر غلام حسن کی نگرانی میں ایک خصوصی پولیس ٹیم تشکیل دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:
صفاپورہ گاندربل میں منشیات فروش گرفتار
بتایا گیا ہے کہ اس پولیس ٹیم کی قیادت ایس ایچ اْو گاندربل نے کی اور نئے بس اسٹینڈ بیہامہ کے قریب مذکورہ ٹرک کو روکا اور ٹرک کی تلاشی لی جس دوران ایگزیکٹیو مجسٹریٹ فرسٹ کلاس کی موجودگی میں کوڈین فاسفیٹ کی 16 بوتلیں برآمد اور ضبط کی گئیں۔ ملزم کو گرفتار کر کے اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرک کو بھی موقع پر قبضہ میں لے لیا گیا۔ اس سلسلہ میں ایف آئی آر نمبر 14/2024، قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن گاندربل میں درج کیا گیا ہے اور مزید تفتیش شروع کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ منشیات کے خاتمہ کے لیے کوششوں کو جاری رکھتے ہوئے کشمیر کے ضلع گاندربل کی پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ جس کے نتیجہ میں ہر روز 1 یا 2 منشیات فروشوں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔ قبل ازیں بھی گزشتہ برس بھی بارہمولہ ضلع میں 2 درجن سے زیادہ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔ جب کہ کروڑوں روپے مالیت کی منشیات کو بھی ضبط کیا گیا۔