اردو

urdu

ETV Bharat / jammu-and-kashmir

امرناتھ یاتریوں کا پہلا دستہ گپھا کی جانب روانہ - Amarnath Yatra - AMARNATH YATRA

ساڑھے چار ہزار سے زائد یاتریوں پر مشتمل پہلا دستہ پہلگام کے نونہ ون اور سونہ مرگ کے بال تل بیس کیمپوں سے امرناتھ گپھا کی جانب روانہ ہوئے۔ آج سے امرناتھ یاترا شروع ہوئی جو 52دنوں تک جاری رہے گی۔

ا
امرناتھ یاترا کا آج سے آغاز (Representational Image)

By ETV Bharat Urdu Team

Published : Jun 29, 2024, 12:13 PM IST

اننت ناگ (جموں کشمیر) :سخت حفاظتی انتظامات کے ساتھ 52 روزہ امرناتھ یاترا آج سے شروع ہوئی۔ امرناتھ یاتریوں کا پہلا دستہ جنوبی کشمیر کے پہلگام اور وسطی کشمیر کے سونہ مرگ سے پوتر گپھا کی جانب روانہ ہوا۔ یاتری ’’ہر ہر مہادیو‘‘ اور ’’بم بم بھولے‘‘ کے نعروں کے بیچ امرناتھ گپھا کی جانب شیو لنگم کے درشن کے لیے آخری پڑاؤ - نونہ ون بیس کیمپ پہلگام، اور بال تل، سونہ مرگ - سے روانہ ہوئے۔سخت سیکورٹی حصار کے بیچ 4603 یاتریوں پر مشتمل پہلا دستہ سطح سمندر سے 3,880 میٹر بلندی پر واقع امرناتھ گپھا میں شیو لنگم کا درشن کرے گا۔

امرناتھ گپھا کی جانب جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع کا 48 کلومیٹر طویل نونہ ون - پہلگام کا روایتی راستہ ہے جبکہ گاندربل ضلع کے بال تل روٹ پہلگام کے مقابلے میں کافی چھوٹا محض 14 کلومیٹر راستہ ہے۔ یاتریوں کے لئے حفاظت کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں جس پر یاتریوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔ یاترا کے نوڈل افسر، ضلع ترقیاتی کمشنر (ڈی سی) اننت ناگ سید فخر الدین حامد نے سول اور پولیس انتظامیہ کے دیگر افسران کے ساتھ نونہ ون بیس کیمپ، پہلگام سے یاتریوں کے پہلے دستے کو جھنڈی دکھا کر پوتر گپھا کی جانب روانہ کیا۔

قبل ازیں جمعہ کو جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے یاتریوں کے پہلے دستے کو کشمیر کی جانب روانہ کیا تھا۔ یاترا کے لیے اب تک 3.5 لاکھ یاتریوں نے رجسٹریشن کی ہے۔ امسال امرناتھ یاترا 52 دنوں تک جاری رہے گی۔ جنوبی اور وسطی کشمیر کے سیاحتی مقامات پہلگام اور سونہ مرگ میں واقع بیس کیمپوں سے لاکھوں زائرین کا امرناتھ گپھا کے درشن کرنے کی توقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امرناتھ یاتریوں کا پہلا جتھہ پہلگام پہنچا، یاتریوں کا کیا گیا والہانہ استقبال - Amarnath Yatra

ABOUT THE AUTHOR

...view details