پہلگام (جموں کشمیر) :سخت ترین حفاظتی انتظامات کے بیچ امرناتھ یاترا آئندہ کل سے شروع ہو رہی ہے۔ امرناتھ یاتریوں کے پہلے قافلے کو آج صبح جموں کے بھگوتی نگر بیس کیمپ سے روانہ کیا گیا، جو براستہ سرینگر جموں شاہراہ بحفاظت جنوبی کشمیر کے پہلگام پہنچ گیا۔ یاتریوں میں کافی جوش دیکھنے کو مل رہا ہے اور پہلگام میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے یاتریوں کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ ضلع کے ڈپٹی کمشنر، فخرالدین حامد اور ایس ایس پی نے یاتریوں کا پھول مالائیں پہنا کر ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر یاتری کافی مطمئن نظر آرہے تھے۔
یاتریوں کی آمد پر مشہور سیاحتی مقام پہلگام ’’بم بم بھولے‘‘ کے نعروں سے گونج اٹھا۔ شردھالو ’’بم بم بھولے‘‘ جوش و خروش کے ساتھ لگا رہے تھے۔ واضح رہے کہ امرناتھ یاترا کے لیے پہلگام روٹ سے نونہ وَن بیس کیمپ یاتریوں کے لیے آخری پڑاؤ ہے جہاں سے انہیں ہفتہ کی صبح پوتر امرناتھ گپھا کی جانب روانہ کیا جائےگا، جہاں روایتی پوجا کے ساتھ ہی امرناتھ شروع ہوگی اور پہلے قافلے کو گپھا میں پوتر شیو لنگم کے درشن کرائے جائیں گے۔