بانڈی پورہ:شمالی کشمیر کے بانڈی پورہ ضلع میں آتشزدگی کے دوران ایک رہائشی مکان کو نقصان پہنچا، جبکہ آتشزدگی میں کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ آگ کی یہ واردات ضلع کے کلوسہ۔ وٹہ پورہ گاؤں میں منگل کی صبح پیش آئی۔ آتشزدگی کے اطلاع فوری طور محکمہ فائر اینڈ ایمرجنسی عملہ کو دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا، تاہم آگ کے سبب رہائشی مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے۔
عہدیداروں نے آتشزدگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نذیر احمد وانی ولد غلام احمد وانی ساکنہ کلوسہ، بانڈی پورہ کے رہائشی مکان سے منگل کی صبح اچانک آگ کے شعلے بلند ہوئے جس نے مکان کی اوپری منزل اور چھت کو اپنی زد میں لے لیا۔ عہدیداروں کا مزید کہنا ہے کہ آتشزدگی کی اطلاع فوری طور پر فائر ٹینڈرز کو دی گئی جنہوں نے بر وقت کارروائی کرکے آگ پر قابو پالیا۔ عہدیداروں کا مزید کہنا ہے کہ آگ کے سبب کسی بھی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے تاہم آگ کے سبب رہائشی مکان کو جزی طور پر نقصان پہنچا ہے۔ وہیں آگ کے سبب مکان میں موجود گیس سلینڈر زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس سے آس پاس کے علاقے لرز اٹھے۔