گاندربل:جموں و کشمیر کے ضلع گاندربل کے علاقے بونزلہ ہاری پورہ میں درمیانی شب کو ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ ریاض احمد ماگرے ولد عبدالعزیز ماگرے ساکن بونزلہ کی دکان میں اچانک آگ نمودار ہوئی۔ یہ حادثہ اس قدر شدید تھا کہ چند ہی لمحوں میں آگ نے پوری دکان کو اپنی زد میں لے لیا، جس کے نتیجے میں دکان میں موجود تمام سامان خاکستر ہو گئے۔
اس افسوسناک واقعے کی اطلاع ملنے پر متعلقہ انتظامیہ فوری طور پر موقعے پر پہنچی۔ پٹواری حلقہ ہاری پورہ اور نائب تحصیلدار کنگن نے متاثرہ دکان کا معائنہ کیا اور نقصان کا ابتدائی تخمینہ لگایا۔ ان کے مطابق، اس حادثے میں تقریباً 5 سے 7 لاکھ روپے کا نقصان ہوا ہے۔ دکان کے مالک ریاض احمد ماگرے نے بتایا کہ یہ دکان ان کی روزی روٹی کا واحد ذریعہ تھی، اور اس نقصان سے ان کی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔