جموں: ’’کشمیر میں کمل کا پھول کھلتے ہوئے دیکھنے کی کوئی جلدی نہیں، بلکہ کشمیری عوام کے دل جیتنے پر توجہ مرکوز ہے۔‘‘ ان باتوں کا اظہار مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے جمعرات کو جموں میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیت شاہ نے جموں کشمیر کی سابق حکومتوں پر یہاں فرضی انکاؤنٹر کرانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ فاروق عبداللہ کے دور حکومت میں فرضی انکاؤنٹر پیش آتے، تاہم اب فرضی تصادم قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے کشمیری عوام بالخصوص نوجوانوں سے نیشنل کانفرنس، کانگریس اور پی ڈی پی کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کرتے ہوئے کہا: ’’کانگریس، این سی اور پی ڈی پی نے یہاں فرضی انکاؤنٹر کرائے، اور نوجوانوں کے ہاتھوں میں بندوقیں تھمائیں۔‘‘
جموں کے پالورا علاقے میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا کہ بی جے پی کو وادی میں کمل کھلتے ہوئے دیکھنے کی کوئی جلدی نہیں ہے کیونکہ پارٹی ’’دل جیتنے کے عمل میں ہے۔ ہم کشمیر کے ہر دل کو جیتنا چاہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ این سی، پی ڈی پی اور کانگریس جیسی جماعتیں عسکریت پسندی کو فروغ دینے اور نوجوانوں کے ہاتھ میں بندوقیں تھمانے کی ذمہ دار ہیں۔ امیت شاہ نے خطاب کے دوران کہا: ’’میں ڈاکٹر فاروق عبداللہ سے پوچھنا چاہتا ہوں کہ سب سے زیادہ فرضی تصادم آرائیاں کس کے دور حکومت میں ہوئیں؟‘‘