اننت ناگ: جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات میں اننت ناگ ویسٹ سے مقابلہ کررہے پی ڈی پی امیدوار صوفی عبدالغفار نے ای ٹی وی بھارت سے بات کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ’انتخابات میں پی ڈی پی کو خاطر خواہ اکثریت حاصل ہوگی‘۔ انہوں نے انتخابات میں پارٹی کی شاندار کامیابی کی بھی پیش قیاسی کی۔ صوفی عبدالغفار، ضلع کولگام کے ہوم شالی بگ اسمبلی حلقہ میں قانون ساز کونسل کے ممبر بھی رہ چکے ہیں۔ انہوں نے وزیر صحت کے طور پر بھی اپنی خدمات انجام دیں۔ وہ، اننت ناگ ویسٹ سے پی ڈی پی کے امیدوار ہیں۔ اس نشست پر ان کے سب سے بڑے حریف نیشنل کانفرنس کے عبدالمجید لارمی ہیں۔
عبدالغفار صوفی نے کہا کہ پی ڈی پی ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جس کا منشور ہمیشہ عوامی خدمات اور ترقی پر مبنی رہا ہے۔ پی ڈی پی نے کبھی بھی مرکز کی غلط پالیسیوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، بلکہ ان پالیسیوں کی ڈٹ کر مخالفت کی۔ صوفی نے کہا کہ پی ڈی پی کے دور اقتدار میں جموں کشمیر کو امن ترقی اور خوشحالی کی ڈگر پر لے جایا گیا، مصیبت زدہ لوگوں کی پریشانی کو دور کیا گیا۔ اسلئے لوگوں کے دلوں میں پی ڈی پی کے تئیں وہی جذبہ اور ہمدردی برقرار ہے۔ انہوں نے اس بات کا بھی یقین ظاہر کیا کہ عوام ایک بار پھر پی ڈی پی کو حکومت بنانے کا موقع دیں گے۔