اننت ناگ: جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات قریب آنے کے ساتھ ہی مختلف پارٹیوں کے امیدواروں نے اپنے اپنے انتخابی حلقوں میں مہم تیز کر دی ہے،امیدوار روڈ شوز اور ڈور ٹو ڈور مہم کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ ووٹروں کو اپنی جانب متوجہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔
این سی کے سینئر رہنماء عبدالمجید لارمی کے ساتھ خصوصی گفتگو (ETV Bharat) نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما سابق ایم ایل اے عبدالمجید لارمی جو اننت ناگ ویسٹ کی نشست پر این سی کے امیدوار ہیں ،انہوں نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندے میر اشفاق کے ساتھ ایک خصوصی بات چیت کے دوران کہا کہ انہیں نئے حلقہ میں لوگوں کا خاصا تعاون مل رہا ہے کیونکہ لوگ ان کی کارکردگی کو بہتر طریقہ سے سمجھتے ہیں ،اسی کارکردگی کی بنیاد پر لوگ ان کے ساتھ جڑ رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کی منسوخی کے بعد انہیں جیل بھیج دیا گیا ،کیونکہ انہوں نے مرکزی سرکار کی غلط پالیسیوں کی مخالفت کی تھی، لارمی نے کہا کہ مصیبت کے دوران بھی انہوں نے لوگوں کا ساتھ نہیں چھوڑا،ان کے مسئلے مسائل کا ازالہ کرنے کی کوشش کی ،لیکن جو ان کے سب سے بڑے حریف تھے وہ خاموش تماشائی بنے ہوئے تھے ،اور آج عوام سے ووٹ مانگتے ہوئے انہیں شرم نہیں آرہی ہے ۔
ایڈوکیٹ لارمی نے کہا کہ اپنے کام اور اپنی کارکردگی سے انہیں پورے اننت ناگ میں عبور حاصل ہے، اور انہیں امید ہے کہ لوگ انہیں نا امید نہیں کریں گے،بلکہ انہیں خدمت کرنے کا موقعہ ضرور دیں گے ۔
لارمی نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے جموں کشمیر کی بقاء کیلئے کام کیا ہے ،جبکہ پی ڈی پی نے ہمیشہ اپنے سیاسی مفادات کی خاطر جموں کشمیر کے لوگوں کو مصیبت کے دلدل میں پھنسایا ہے ،جو آج یہاں کی عوام بھگت رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ اقتدار کی لالچ میں پی ڈی پی نے ،بی جے پی کے ساتھ اس وقت ہاتھ ملایا جب بی جے پی کو جموں کشمیر سے دور رکھنے کی اہم ضرورت تھی، اور اس کا خمیازہ آج بھی یہاں کی عوام بھگت رہی ہے ۔
لارمی نے کہا کہ لوگ سمجھدار ہیں انہیں پتہ ہے کہ کون ان کی بہتر نمائندگی کرنے کا اہل ہے ۔ لوگوں کو طویل وقت کے بعد جمہوریت میں حصہ لے کر اپنا نمائندہ چننے کا موقعہ مل رہا ہے ،لہذا لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ کثرت سے نکلیں اور حق رائے دہی کے ذریعہ اپنا بہتر نمائندہ چنیں اور ووٹ کے ذریعہ ان طاقتوں کو ناکام بنائیں جو جموں کشمیر کو برباد کرنے پر تلے ہوئے ہیں ۔