کولگام (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں سرچ آپریشن کے دوران عسکریت پسندوں اور سیکورٹی فورسز کے مابین گولیوں کے تبادلے کی اطلاعات ہیں جس نے انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر لی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع کے بڈی مرگ نامی علاقے میں عسکریت پسندوں کے چھپے ہونے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر تلاشی کارروائی شروع کر دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کے دوران چھپے عسکریت پسندوں نے سیکورٹی فورسز پر گولیاں برسائیں جس کے بعد حفاظتی اہلکار بھی مورچہ زن ہوئے جس نے انکاؤنٹر کی شکل اختیار کر لی۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ فورسز نے علاقے میں مزید کمک طلب کر لی ہے اور علاقے کو پوری طرح سے سیل کر دیا گیا ہے تاکہ عسکریت پسندوں کو فرار ہونے کا کوئی موقع نہ ملے۔ حکام کے مطابق، فورسز نے محاصرہ مضبوط کر لیا ہے اور عسکریت پسندوں کی تلاش کے لیے جدید آلات اور ماہر اہلکاروں کی مدد لی جا رہی ہے۔ اس آپریشن میں اضافی فورسز بھی شامل ہو چکی ہیں، جبکہ عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی جاری ہے۔