سرینگر: وادی کشمیر کے ماضی کے معروف براڈکاسٹر اور ریڈیو کشمیر سے نشر ہونے والی خبروں کے ساتھ منسلک معروف نام، سید مظفر کاشانی چند دنوں تک دلی اور سرینگر میں علیل رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔ وہ 78 سال کے تھے۔
کاشانی کے اہل خانہ کے مطابق وہ ان دنوں دلی میں مقیم تھے اور 27 دسمبر کو دلی کے نوئیڈا علاقے میں وہ مقامی مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے گئے، جس کے بعد انکی طبیعت میں پیچیدگیاں پیدا ہوئیں۔ انہیں فوری طور پر نوئیڈا کے ایک اسپتال لے جایا گیا اور بعد میں خصوصی علاج کے لیے دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم ان کی حالت بہتر نہیں ہوئی۔ جب کاشانی کو احساس ہوا کہ انکا عارضہ پیچیدہ رخ اختیار کرسکتا ہے، تو انہوں نے افراد خانہ کو صلاح دی کہ وہ انہیں اپنے آبائی وطن کشمیر منتقل کریں، چنانچہ انہیں سرینگر لایا گیا۔
ان کا جمعرات کی صبح تقریباً 11 بجے انتقال ہوگیا۔ گوجوارہ کے پرانے شہر کے رہنے والے کاشانی اس وقت گلبرگ کالونی حیدر پورہ میں رہائش پزیر ہیں۔ کاشانی ایک نامور براڈکاسٹر، معروف ماہرِ علم، مصنف اور عوامی مقرر تھے۔ گزشتہ کئی برسوں کے دوران وہ تصوف کے ساتھ وابستہ ہوگئے تھے اور انکے حلقہ ارادت میں کافی لوگ شامل تھے۔ کاشانی کو قیمتی پتھروں اور نجوم کا بھی علم تھا۔