جموں (جموں کشمیر): الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی) کی ایک ٹیم جموں کشمیر کے دو روزہ دورے پر ہے۔ جہاں گزشتہ روز ٹیم نے سرینگر میں سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں اور سرکاری افسران سے ملاقات کی وہاں اپنے دورے کے دوسرے روز الیکشن کمیشن آف انڈیا کی ٹیم جموں پہنچ گئی ہے۔ ای سی آئی کی ٹیم جموں کے ہوٹل ریڈسن میں ممکنہ طور پر پولیس اور سیول انتظامیہ سے وابستہ سینئر افسران کے ساتھ ملاقات کرے گی۔
ای سی آئی کی ٹیم جموں کشمیر کی سیکورٹی صورتحال اور لوک سبھا انتخابات کے حوالے سے کی جا رہی تیاریوں کے بارے میں چیف الیکشن کمیشن کو جانکاری فراہم کریں گے۔ بعد دوپہر چیف الیکشن کمشنر جموں میں پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ قبل ازیں گزشتہ روز وفد نے سرینگر کے ایس کے آئی سی سی میں سیاسی رہنمائوں کے ساتھ ملاقات کی اور لوک سبھا انتخابات کے حوالہ سے تیاریوں کا جائزہ لیا۔