سرینگر:مرکز کے زیر انتظام مسلم اکثریتی علاقوں جموں و کشمیر اور لداخ میں آج عید الالضحیٰ کی تقریب جوش و خروش کے ساتھ منائی جارہی ہے۔ صبح سویرے سے ہی ہزاروں فرزندان توحید مساجد اور عیدگاہوں کی جانب تکبیرات بلند کرتے ہوئے دیکھے گئے۔ سرینگر میں سب سے بڑا اجتماع جامع مسجد سرینگر اور آثار شریف حضرت بل میں ہوگا جب کہ جموں، لیہہ اور کرگل کے عیدگاہوں اور جامع مساجد میں بھی لاکھوں لوگ عید کی نماز ادا کرنے کے لیے جمع ہو رہے ہیں۔
انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ عید کے موقعے پر نمازیوں کو سہولیات بہم رکھنے کے لیے تمام تر انتطامات کیے گئے ہیں اور قربانی کے جانوروں کی خرید و فروخت آسان بنانے کے لیے بھی انتظامیہ مستعد ہے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا نے لوگوں کو عید کی مبارک باد دی ہے۔ ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ عید کا مقدس دن بے لوث قربانی ایک دوسرے کے ساتھ خوشیاں بانٹنے کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے عوام کو دعوت دی کہ اس موقعے پر یہ عہد تازہ کریں کہ اتحاد و اتفاق اور بھائی چارے کے جذبے کو مزید پختہ بنائیں۔