بڈگام:گاندربل ضلع میں اتوار کی شام ہوئے حملے میں ہلاک ہوئے ڈاکٹر شاہ نواز ڈار کے فرزند، محسن شاہ نواز نے پیر کے روز اپنے والد کی نماز جنازہ کے موقع پر غم و الم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اُن کا خواب تھا کہ وہ سیول سروسز (IAS) کا امتحان پاس کرکے افسر بنیں، تاہم اس سانحے نے ان کا یہ خواب چکنا چور کر دیا۔
محسن نے اشکبار آنکھوں سے کہا: ’’میرے والد ڈاکٹر شہناواز ڈار نہایت عزت دار اور ایماندار انسان تھے۔ وہ چاہتے تھے کہ میں ڈاکٹر بنوں، لیکن میرا خواب تھا کہ میں آئی اے ایس افسر بنوں۔ میرے دادا ایک پولیس انسپکٹر تھے، وہ پر بھی امید تھے کہ میں اپنا یہ خواب پورا کروں گا اور میرے والد بھی میرے ساتھ تھے۔ لیکن ان کی موت نے میرا سب کچھ چھین لیا ہے۔‘‘ محسن کا کہنا ہے کہ والد کی موت کے بعد اب اہل خانہ کی ذمہ داری ان کے کندھوں پر آن پڑی ہے۔ انہوں نے کہا: ’’انتظامیہ سے میری درخواست ہے کہ وہ میرا خواب پورا کرنے میں میری مدد کریں۔‘‘ ڈاکٹر شاہ نواز کو پیر کے روز وسطی کشمیر کے بڈگام ضلع میں، ان کے آبائی علاقہ میں، سپرد لحد کیا گیا۔ ان کے نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔