رام بن (جموں کشمیر) :جموں کشمیر پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، آر ایس سوین، نے صوبہ جموں کے رام بن ضلع کا دورہ کیا اور ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈکوارٹر میں ایک اعلیٰ سطح کی میٹنگ کی قیادت کی۔ پولیس سربراہ نے سالانہ امرناتھ یاترا کے سلسلے تیاریوں کا جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ پولیس سمیت دیگر سیکورٹی ایجنسیز کی جانب سے تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور پولیس بھی پوری طرح سے مستعد ہے۔ میٹنگ میں جموں کشمیر پولیس کے اعلیٰ افسران سمیت سیول انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی۔
ڈی جی پی نے میٹنگ کے حاشیہ پر میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ امرناتھ یاترا کے پیش نظر پختہ انتظامات کئے جا چکے ہیں اور جموں کشمیر انتظامیہ سالانہ امرناتھ یاترا کے پر امن انعقاد کیلئے پوری طرح سے سے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ شردھالوؤں کے لیے یاترا کے سبھی روٹس پر سیکورٹی سمیت دیگر انتظامات کو حتمی شکل دی جاچکی ہے۔ آر آر سوین نے شردھالوؤں سے ہموار یاترا کے انعقاد کے لیے پولیس، شرائن بورڈ اور دیگر ایجنسیز نے جو پلان مرتب کیے گئے شیڈول کی پاسداری کرنے کی تلقین کی۔