سری نگر : کشمیر کے معروف دینی مدرسہ دارالعلوم نور السلام ترال میں 13 دسمبر بروز جمعہ کو ایک پر وقار تقریب منعقد ہوئی جس میں ادرے کے ان پندرہ طلبا کی دستار بندی کی گئی جنہوں نے قرآن پاک مکمل حفظ کر لیا ہے۔ حفاظ کی دستاربندی وادی کشمیر کے نامور عالم دین مولانا محمد رحمت اللہ میر قاسمی نے کی۔
نماز جمعہ سے قبل مولانا محمد رحمت اللہ میر قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے امت پر زور دیا کہ وہ قرآن کے حقوق ادا کریں کیونکہ ’’قرآن شریف مومنوں کےلئے نسخہ کیمیا ہے۔‘‘ انہوں نے مزید بتایا کہ ’’قرآن کریم ساری انسانیت کے لئے کتاب ہدایت اور رحمت ہے۔ قابل مبارکباد ہیں وہ لوگ جو اپنے بچوں کو قرآن مجید کی تعلیم سے آراستہ کرتے ہیں۔ قرآن مجید وہ کتاب ہے جس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے۔ لہذا مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ اپنے مسائل کا حل قرآن میں تلاش کریں اور قرآنی تعلیمات پر عمل کو اپنا نصب العین بنائیں تاکہ دنیا و آخرت میں کامیاب و بامراد ہوسکیں۔‘‘