اننت ناگ (جموں کشمیر) :جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں دندی پورہ، کوکرناگ کے باشندوں نے شکایت کی ہے کہ مذکورہ علاقے میں بجلی نظام کافی خستہ ہو چکا ہے جس کے باعث عوام کو اکثر اوقات بجلی کی عدم دستیابی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ علاقے کے بعض مقامات پر ترسیلی لائنیں بجلی کے کھمبوں کے بجائے درختوں کے ساتھ باندھ دی گئی ہیں، جو کبھی بھی کسی حادثہ کا موجب بن سکتا ہے۔ مقامی باشندوں کے مطابق ان کے بچے اپنے گھروں میں شام کے اوقات میں پڑھائی حاصل کرنے سے قاصر رہ جاتے ہیں، جس کے باعث ان کی پڑھائی پر بھی منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف علاقے میں بجلی کے بوسیدہ نظام سے لوگ پریشان ہیں تو وہیں دوسری جانب بجلی کی آنکھ مچولی سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ مہینہ ختم ہونے سے قبل ہی بجلی فیس کی موٹی بلیں انہیں ارسال کی جاتی ہیں جس سے صارفین میں تشوش پائی جا رہی ہے۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ جب بھی علاقے میں تیز ہوائیں چلتی ہیں تو بجلی کے کھمبوں پر ترسیلی لائنیں ٹک نہیں پاتیں۔