شوپیان: کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (سی پی آئی) کے نیشنل سکریٹری اور سابق ممبر پارلیمنٹ عزیز پاشاہ نے جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیان کا دورہ کیا اور یہاں ایک پریس کانفرنس کا انعقاد کیا۔
پریس کانفرنس کے دوران، عزیز پاشاہ نے بتایا کہ پارٹی کی اسٹیٹ کونسل کی میٹنگ سرینگر میں منعقد ہوئی ہے، جس میں آنے والے اسمبلی انتخابات پر تفصیلی بات چیت کی گئی ہے۔ اس میٹنگ میں پارٹی کی جانب سے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ناموں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
انہوں نے شوپیان ضلع کے سیب کے کاشتکاروں کے مسائل پر بھی روشنی ڈالی۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ شوپیان کے سیب پورے ملک میں مشہور ہیں، مگر ایران اور دیگر ممالک سے آنے والے سیبوں پر کم ٹیکس کی وجہ سے مقامی سیبوں کی قیمتوں میں بڑی گراوٹ آئی ہے، جس سے کاشتکار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری یہی کوشش ہے کہ ہم یہاں کے کاشتکاروں کو ان کی کاشتکاری کی پیداوار کی واجب قیمت دلوائیں۔