نئی دہلی: کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے نے منگل کو کہاکہ ان کی پارٹی جموں و کشمیر کے حقوق کی ضمانت دیتی ہے اور اس بات کو یقینی بنائے گی کہ اسے مکمل ریاست کا درجہ دیا جائے۔ صدر ملکارجن کھرگے نے کشمیری عوام سے وعدہ کیا ہے کہ کانگریس، جموں و کشمیر کے ریاست کے درجہ کو بحال کرنے میں مدد کریگی اور دوبارہ ریاست کا درجہ حاصل کرنے کو یقینی بنائے گی۔
جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات سے پہلے کانگریس کی طرف سے دی جارہی سات ضمانتوں کے اسکرین شاٹس کو ٹیگ کرتے ہوئے، کھرگے نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ پارٹی ایک لاکھ سرکاری نوکریوں کو پر کرکے "نوجوانوں کو نئی توانائی" دے گی۔ "کانگریس جموں و کشمیر کے حقوق کی ضمانت دیتی ہے۔ ہم جموں و کشمیر کو ایک مکمل ریاست کا درجہ حاصل کرنے میں مدد کریں گے۔"
کھرگے نے پارٹی کے ہر خاندان کے لیے 25 لاکھ روپے کے مفت علاج اور ہر ضلع میں ایک سپر اسپیشلٹی اسپتال کا وعدہ بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پائے گا۔ کھرگے نے کہا کہ "کشمیری پنڈتوں کی بحالی کے لیے ڈاکٹر منموہن سنگھ کے منصوبے کو وسعت دی جائے گی اور او بی سی طبقے کے آئین پر مبنی حقوق کو محفوظ بنایا جائے گا۔" انہوں نے کہا کہ خاندانوں کی خواتین سربراہان کو ہر ماہ 3,000 روپے کی مالی امداد ملے گی۔ کھرگے نے خاندان کے ہر فرد کے لیے 11 کیلو اناج کے ساتھ غذائی تحفظ کا وعدہ بھی کیا۔ جموں و کشمیر میں اسمبلی انتخابات کے لیے اپنے منشور میں کانگریس نے کسانوں، خواتین اور نوجوانوں کے لیے بہت سے فلاحی اقدامات کا وعدہ کیا ہے۔
منشور میں نعرہ دیا گیا ہے کہ ’ہاتھ بدلے گا حالات‘۔ قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کےلئے تمام فصلوں کا بیمہ اور سیب کے لیے 72 روپے فی کیلو گرام کی کم از کم امدادی قیمت کا وعدہ کیا گیا۔ قبل ازیں منشور اے آئی سی سی میڈیا اور پبلسٹی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ پون کھیرا اور پی سی سی کے صدر طارق حمید قرہ نے سری نگر میں پارٹی دفتر میں جاری کیا۔