سرینگر (جموں کشمیر) :ریاست آسام میں کانگریس لیڈر راہل گاندھی کو ’’بھارت جوڈو نیاے یاترا‘‘ کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے کارکنان کی جانب سے کی گئی مبینہ ہراسانی کے خلاف آج سرینگر میں کانگریس لیڈران و کارکنان نے احتجاج کیا۔ جموں کشمیر کانگریس کمیٹی کے صدر وقار رسول نے پارٹی کارکنان کی قیادت کی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے خلاف جم کر نعرہ بازی کی۔ انہوں کہا کہ ’’راہل گاندھی کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور ملک میں عوام کے ساتھ ناانصافی کے خلاف راہل گاندھی کی یاترا سے بھارتیہ جنتا پارٹی بوکھلاہٹ کا شکار ہو رہی ہے اور وہ اب راہل گاندھی اور کانگریس پر ایسے حملے کر رہے ہیں۔‘‘
وقار رسول نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے ملک میں کالے قوانین لاگو کئے ہیں جس سے عام لوگوں کو تنگ کیا جا رہا ہے اور جمہوری نظام کا قتل کیا جا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کانگریس، سرینگر میں پارٹی دفتر سے باہر احتجاج کرنا چاہتی تھی لیکن پولیس نے دفتر کے گیٹ کو بند کر دیا ہے اور باہر جانے سے مظاہرین کو روک رہی ہے۔ رام مندر کے افتتاح کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں وقار رسول نے کہا: ’’یہ مذہبی معاملہ ہے، جس پر کانگریس کی دلی (کی) قیادت بیان دے گی۔