جموں:بھارتیہ جنتا پارٹی پر جموں و کشمیر کی شناخت اور سخافت پر حملہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے ہماچل پردیش کے نائب وزیر اعلیٰ اور آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے جموں و کشمیر کے لیے خصوصی مبصر، مکیش اگنی ہوتری نے جمعہ کے روز کہا کہ لوگ، بی جے پی کو اس کے فریب پر مبنی حربوں کے لیے انتخابات میں سبق سکھائیں گے۔
جموں میں مختلف طبقوں کے لوگوں سے ملاقات کے بعد شہیدی چوک جموں پارٹی دفتر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اگنی ہوتری نے کہا کہ میں نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ ریاست کے اس حصے کے لوگ بے چینی سے انتخابات کا انتظار کر رہے ہیں تاکہ بی جے پی کو سماجی، ثقافتی اور اقتصادی طور پر کمزور کرنے کا جواب دے سکیں۔
اگنی ہوتری نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ بی جے پی کی چالوں سے بے وقوف نہیں بنیں گے اور ایک ایسی اتحاد حکومت بنائیں گے جو تمام طبقات کی خواہشات اور امنگوں کی حقیقی نمائندگی کرے گی۔
انہوں نے بی جے پی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم سے لے کر ایم ایل اے تک، سبھی جموں و کشمیر میں گھوم رہے ہیں تاکہ اپنی کم ہوتی حمایت و مقبولیت کو بچا سکیں، لیکن حقیقت یہ ہے کہ بی جے پی نے جموں و کشمیر کی شناخت کو مٹانے کی کوشش کی ہے۔ اسے ریاست سے مرکز کے زیر انتظام علاقہ بنا دیا گیا۔ اس سے یہاں کی معیشت کو بہت بڑا نقصان پہنچا۔