سرینگر:کانگریس پارٹی جموں و کشمیر میں مخمصے سے دوچار ہے۔ یہاں تک کہ نیشنل کانفرنس حکومت کا حصہ رہتے ہوئے وہ اپوزیشن کا کھیل کھیل رہی ہے۔ دونوں جماعتوں نے جموں و کشمیر کے اسمبلی انتخابات ایک ساتھ لڑے تھے لیکن عمر عبداللہ کی قیادت میں نئی کابینہ کی حلف برداری کے بعد یہ دونوں پارٹیاں ایک دوسرے سے الگ دکھائی دے رہی ہیں۔
جب کہ موجودہ ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے اشاروں اشاروں میں عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کو لوگوں کے مسائل کو حل کرنے میں ناکام ہونے کا الزام لگایا، وہیں کانگریس کے سابق ریاستی صدر وقار رسول نے عمر حکومت کو جموں و کشمیر کی تاریخ کی "سب سے ناکام حکومت" قرار دیا۔
حکومت کے قیام کے بعد سے اپنے متعدد بیانات میں، جموں و کشمیر ریاستی کانگریس کمیٹی کے صدر طارق حمید قرہ نے حکومت کو عوام کے لیے کام کرنے کے قابل نہ ہونے پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ اگرچہ قرہ نے ریاستی درجے کی بحالی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے این سی کی زیرقیادت حکومت پر اپنی تنقید کا دفاع کیا ہے، لیکن ناقدین کا کہنا ہے کہ کانگریس لیڈر تیر مرکزی حکومت پر چلا رہے ہیں لیکن نشانہ عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت ہے۔
بزنس رولز کی عدم موجودگی اور ریاستی حیثیت کی بحالی میں تاخیر کا حوالہ دیتے ہوئے قرہ نے سری نگر میں پارٹی دفتر میں اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ لوگوں میں نفرت پیدا ہو گئی ہے اور وہ منتخب جمہوری حکومت پر اعتماد کھو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ "این سی کے ایک اتحادی پارٹنر کے طور پر میں اس سے درخواست کروں گا کہ وہ شکایات کو دور کرنے اور مقامی انتظامیہ کو مؤثر طریقے سے چلانے کے لیے ایک فعال کردار ادا کرے۔"
قرہ نے کہا کہ بزنس رولز کی عدم موجودگی نے افسران میں الجھن پیدا کر دی ہے کہ آیا وہ منتخب حکومت کو جوابدہ ہیں یا ایل جی انتظامیہ کو۔ انہوں نے کہا کہ "تذبذب کے اس ماحول میں لوگوں کا نقصان ہوتا ہے کیونکہ وہ جمہوری نظام پر اعتماد کھو رہے ہیں۔ لوگوں کو امید تھی کہ ان کے ووٹ سے ان کی شکایات کے ازالے میں مدد ملے گی لیکن ایسا کچھ نہیں ہو رہا ہے، اور لوگ محسوس کر رہے ہیں کہ ان کا ووٹ ضائع ہو گیا۔"
مزید پڑھیں:اسمبلی میں پیش کی گئی قرارداد میں دفعہ 370 کی بحالی کا ذکر نہیں: طارق قرہ
ریاستی کانگریس کمیٹی (پی سی سی) کے سابق صدر اور کانگریس ورکنگ کمیٹی کے رکن وقار رسول نے عمر کی قیادت والی حکومت کو "جموں و کشمیر کی تاریخ کی سب سے ناکام حکومت" قرار دیا۔
جب منتخب حکومت نے اپنے 100 دن مکمل کیے تو وقار نے وزیر اعلیٰ اور ان کی کابینہ پر شدید حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ "جموں و کشمیر کے لوگوں نے این سی کو ایک مضبوط مینڈیٹ دیا اور امید کی کہ ان کے مسائل حل ہو جائیں گے۔ اس کے بجائے لوگ ناخوش ہیں، انہیں بڑھتے ہوئے مسائل کا سامنا ہے؛ بجلی کی صورت حال بہتر نہیں ہو رہی۔ بجلی کے بلوں میں اضافے سے انہیں کوئی ریلیف نہیں ملا۔ یومیہ اجرت پر کام کرنے والوں کو ریگولرائز کرنے کے کوئی آثار نظر نہیں آ رہے ہیں۔" انہوں نے کہا کہ سوائے تعلیمی سیشن کو تبدیل کرنے کے عمر حکومت کچھ کرنے سے قاصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ''عمر عبداللہ جانتے تھے کہ ریاستی درجے کے بغیر وہ اپنا چپراسی تک تبدیل نہیں کر سکیں گے۔ جب انہیں یہ معلوم تھا تو انہوں نے الیکشن کیوں لڑا اور ایک یوٹی کے سی ایم بنے۔ این سی اب دوہرے کنٹرول پر الزام لگا رہی ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر ان کے کام میں رکاوٹ ڈال رہے ہیں۔ الزامات کی اس لڑائی میں تکلیف و پریشانی لوگوں کو ہو رہی ہے۔‘‘
عمر کی زیرقیادت حکومت پر ان تبصروں پر کے لیے جب ای ٹی وی بھارت نے ان سے رابطہ کیا گیا، تو وقار رسول نے بات کرنے سے انکار کردیا۔