بارہمولہ (جموں کشمیر):شمالی کشمیر کے گلمرگ علاقے میں دو روز قبل فوجی گاڑی پر ہوئے حملے کے بعد سیکورٹی ایجنسیز نے وسیع پیمانے پر تلاشی آپریشن شروع کیا جو آج ہفتہ کے روز بھی جاری ہے۔ ضلع بارہمولہ کے بوٹا پتھری علاقے میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب جنگلاتی علاقے میں جاری اس آپریشن میں ڈرون اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ حملہ آوروں کو تلاش کیا جا سکے۔
حکام کے مطابق ابتدائی تلاشی آپریشن حملے کی جگہ کے آس پاس کے علاقے میں شروع کیا گیا اور بعد میں اسے اندرونی علاقوں تک پھیلا دیا گیا۔ تلاشی کارروائی جاری ہے کیونکہ یہ ایک وسیع جنگلاتی علاقہ ہے جس کی ایک طرف لائن آف کنٹرول، دوسری جانب اوڑی اور بارہمولہ اور تیسری طرف یہ علاقہ ضلع بڈگام سے بھی ملتا ہے۔ واضح رہے کہ جمعرات کی شام عسکریت پسندوں نے افرواٹ رینج کے ناگن پوسٹ کی جانب جاتی ہوئی ایک فوجی گاڑی پر فائرنگ کی، جس میں دو فوجی اہلکار اور دو کشمیری پورٹر ہلاک ہوئے۔ ہلاک ہونے والوں میں رائفل مین جیون سنگھ، قیصر احمد شاہ اور دو پورٹرز مشتاق احمد چودھری اور ظہور احمد میر شامل ہیں۔